اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن تعمیر و ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آزاد کشمیر میں جاری انتخابی عمل کے بعد حکومت بھی مسلم لیگ ن ہی بنائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپور ڈویژن سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ پارٹی کارکنوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے آباؤ اجداد نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ن لیگ نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کچھ سازشی عناصر مہاجر نشستوں پر سوالات اٹھا رہے ہیں، تاہم ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔ آزاد کشمیر کے ہر علاقے سے “شیر” کی آواز آ رہی ہے اور عوام ن لیگ پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا، جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ادوار میں آزاد کشمیر میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ سے متعلق بیان پر خواجہ آصف نے وضاحت کر دی
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سیاست کرنا ہر جماعت کا حق ہے، لیکن خدمت، ترقی اور عوامی فلاح کے میدان میں کوئی بھی جماعت مسلم لیگ ن کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اور نہ ہی کسی دوسری جماعت کے منشور میں عوامی خدمت کے حوالے سے ن لیگ جیسا وژن موجود ہے۔
