آئی سی سی نے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے میزبان وینیوز کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے 12 میزبان وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے، جبکہ ورلڈ کپ 24 سال بعد دوبارہ افریقی سرزمین پر کھیلا جائے گا۔
جوہانسبرگ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ٹورنامنٹ کی برانڈنگ “Three Nations, One Heartbeat” بھی متعارف کرائی گئی، جو تینوں میزبان ممالک کے اتحاد، تنوع اور مشترکہ ثقافت کی عکاسی کرتی ہے۔
𝐒𝐨𝐮𝐭𝐡 𝐀𝐟𝐫𝐢𝐜𝐚 🇿🇦 𝐙𝐢𝐦𝐛𝐚𝐛𝐰𝐞 🇿🇼 𝐍𝐚𝐦𝐢𝐛𝐢𝐚 🇳🇦
Three nations. One heartbeat. 1️⃣2️⃣ venues. One unforgettable #CWC27 in sight 🏆
For more details and to register your interest for the event ➡️ https://t.co/QLxDyjmGjC pic.twitter.com/1jyOQcjiaN
— ICC (@ICC) July 30, 2026
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ایڈیشن کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے تاکہ مقابلوں میں زیادہ سنسنی، مسابقت اور دلچسپی پیدا کی جا سکے۔
نئے فارمیٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں رینکنگ کے لحاظ سے 12ویں سے 14ویں نمبر پر موجود تین ٹیموں کے درمیان سپر سیریز کھیلی جائے گی، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرے گی۔
اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں چھ، چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن کی بنیاد پر مقابلہ کریں گی۔ دونوں گروپس سے ٹاپ تین، تین ٹیمیں اور دونوں گروپس میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ایک ٹیم سپر سیون مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
سپر سیون مرحلے میں سات ٹیموں کے درمیان 21 میچز کھیلے جائیں گے، جن کے اختتام پر سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ پہلے سیمی فائنل میں پہلی اور چوتھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں دوسری اور تیسری ٹیم مدمقابل ہوگی۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ میزبان شہروں اور ٹورنامنٹ برانڈ کا اعلان ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 سال بعد ورلڈ کپ کا افریقہ میں انعقاد عالمی کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا شاندار ایونٹ کا انعقاد کریں گے۔
قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، شان مسعود ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بھی نہیں کھیلیں گے
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 نہ صرف محدود اوورز کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا بلکہ افریقہ کی ثقافت، مہمان نوازی، تنوع اور کھیل سے محبت کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔
تقریب میں جنوبی افریقہ کے سابق اور موجودہ کرکٹرز گریم اسمتھ، مخایا نتینی، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما اور کاگیسو ربادا کے علاوہ زمبابوے کے ہیملٹن مساکادزا اور نمیبیا کے روڈولف جانسن وین ووورین نے بھی شرکت کی۔
