فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنے اہم ڈیجیٹل سسٹمز کی اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال کے سلسلے میں دو روز سے زائد دورانیے پر مشتمل مینٹیننس شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے دوران متعدد آن لائن خدمات عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مینٹیننس کا آغاز ہفتہ 8 اگست 2026 کو رات 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، جبکہ یہ عمل پیر 10 اگست 2026 کو صبح 5 بجے تک جاری رہے گا۔
اس دوران مجموعی طور پر تقریباً 52 گھنٹے 30 منٹ تک کئی اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق اس عرصے میں ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس (IRIS)، ڈیجیٹل انوائسنگ (Digital Invoicing)، پیمنٹ سسٹم، سِنکرونائزڈ ودہولڈنگ ایڈمنسٹریشن اینڈ پیمنٹ سسٹم (SWAPS) اور پی او ایس رجسٹریشن سمیت مختلف آن لائن سہولیات استعمال نہیں کر سکیں گے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مینٹیننس کے دوران مذکورہ پلیٹ فارمز پر کسی بھی قسم کی ٹرانزیکشن، ٹیکس ریٹرن فائلنگ، ادائیگی یا رجسٹریشن ممکن نہیں ہوگی۔
ٹیکس اتھارٹی نے تمام ٹیکس دہندگان، کاروباری اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرزکوہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تمام ضروری، زیر التوا اوروقت حساس ٹیکس ریٹرنز، ادائیگیاں اور رجسٹریشن کا عمل مینٹیننس شروع ہونے سے پہلے مکمل کر لیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
اسٹیٹ بینک کے ڈالر ذخائر میں مزید اضافہ، نئے اعداد و شمار جاری
ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مینٹیننس مکمل ہوتے ہی تمام خدمات فوری طور پر بحال کر دی جائیں گی، جبکہ اس دوران پیش آنے والی ممکنہ زحمت پر ٹیکس دہندگان سے معذرت کرتے ہوئے ان کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
