اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مرکزی بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 25 کروڑ 86 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کے مطابق 18 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جسے بیرونی ادائیگیوں اور مالیاتی استحکام کے حوالے سے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اگرچہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ ہوا، تاہم ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر معمولی کمی کے بعد 22 ارب 66 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 41 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے، جس کے باعث مجموعی ذخائر میں کمی دیکھی گئی۔
ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں مسلسل اضافہ بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت، درآمدی بل کی مالی معاونت اور روپے کے استحکام کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
تاہم مجموعی ذخائر میں کمی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اتار چڑھاؤ برقرار ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتوں میں بیرونی سرمایہ کاری، ترسیلاتِ زر اور مالی معاونت کی آمد جاری رہی تو زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید بہتری کا امکان موجود ہے۔
