آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے میرپور ڈویژن میں انتخابی مہم کے اختتام سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انتخابی مہم 25 اور 26 جولائی کی درمیانی شب 12 بجے باضابطہ طور پرختم ہو جائے گی، جس کے بعد کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان آزاد جموں و کشمیرالیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد جلسے، جلوس، ریلیاں، کارنر میٹنگز اور دیگر انتخابی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہو جائے گی۔
مقررہ وقت کے بعد کسی بھی امیدوار، سیاسی جماعت یا کارکن کی جانب سے انتخابی اجتماع منعقد کرنا یا اس میں شرکت کرنا قانوناً ممنوع ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور ان کے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی قوانین اور ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور مقررہ وقت کے بعد کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کریں جو انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہو۔
ترجمان نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں انتخابی مہم مقررہ وقت پر ہی اختتام پذیر ہوگی اوراس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ انتخابی قوانین یا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آزاد کشمیر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اسپتالوں میں سٹی اسکین، ایم آر آئی کی سہولت ہونی چاہیے، نواز شریف
الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں، کارکنان اور ووٹرز پرزور دیا ہے کہ وہ پرامن، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور انتخابی عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
خیال رہے کہ میرپور ڈویژن کل 13 انتخابی حلقوں پر مشتمل ہے، جن میں ضلع میرپور کے 4، ضلع بھمبر کے 3 جبکہ ضلع کوٹلی کے 6 حلقے شامل ہیں جہاں مجموعی طور پر 14 لاکھ 1 ہزار 439 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں 7 لاکھ 25 ہزار 811 مرد ووٹرز جبکہ 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 3 ہزار 701 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
دوسری جانب حلقہ ایل اے-1 ڈڈیال میں مسلم لیگ (ن) کے وزیر حکومت اظہر صادق، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیر افسر شاہد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
حلقہ ایل اے-2 میرپور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید، آزاد امیدوار ظفر انور اور مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
اسی طرح حلقہ ایل اے-3 میرپور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیر حکومت یاسر سلطان کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر چوہدری محمد سعید سے ہوگا جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے تسلیم عارف آزاد امیدوار معیز مجید اور عمیر اصغر بھی بھرپور مقابلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں
حلقہ ایل اے-4 کھڑی شریف میں مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صہیب ارشد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
