محکمہ موسمیات نے بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی۔
کراچی karachi weather کے مختلف علاقوں میں بارش کا آغاز ہو گیا ہے، دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو 24 گھنٹے متحرک رہنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیاتی اداروں، واٹر بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے تمام بڑے شہروں میں نالوں کی صفائی اور چوکنگ پوائنٹس فوری طور پر کلیئر کرنے کا حکم دیا۔
مراد علی شاہ نے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس فوری نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ سیوریج لائنوں کی صفائی اور پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے متبادل انتظامات یقینی بنائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک اور دیگر بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو خود فیلڈ میں نکل کر انتظامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی، جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے رین ایمرجنسی کنٹرول رومز فعال کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں 24 سے 27 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
مغربی ہواؤں کے سلسلے اور کم دباؤ کے نظام کے زیرِ اثر سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
🌧️ PMD Weather Advisory|24–27 July 2026
Rain-wind/thunderstorms are expected in Pakistan during the forecast period, with heavy falls at isolated places. Weather activity is likely over Sindh, Balochistan, Gilgit-Baltistan/Kashmir, Khyber Pakhtunkhwa, Islamabad, and Punjab. pic.twitter.com/FTfo1e3KQ8— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) July 24, 2026
کراچی میں 25 اور 26 جولائی کو بارش متوقع ہے، جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں 27 جولائی تک بھی بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور بالائی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 24 سے 27 جولائی تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور، مردان، سوات، چترال، مانسہرہ اور کوہستان میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی 24 سے 27 جولائی تک بارش اور آندھی چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
‘آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے’، رانا ثنا کا انتخابی جلسے سے خطاب
بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
