وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد عوام کو ایندھن کی خریداری کے لیے مزید رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے ہو گا جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر صارفین کو نئی قیمتوں کے مطابق ادائیگی کرنا ہوگی۔
گزشتہ چار روز کے دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 15 روپے سے زائد جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے 21 پیسے فی لیٹر اضافہ ہو چکا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے اثرات ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف اقسام کے تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی برینٹ کروڈ کی قیمت بڑھ کر 99 ڈالر 70 سینٹ فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت بھی بڑھتے ہوئے 91 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح اماراتی خام تیل مربن کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جو 106 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
