پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا ہے، قومی بیٹر عبداللہ فضل انجری کے باعث دونوں اہم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق عبداللہ فضل کمر کے نچلے حصے (لوئر بیک) میں شدید انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ عبداللہ فضل کو یہ انجری 23 جولائی کو ٹرینیڈاڈ میں واقع برائن لارا کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کے دوران پیش آئی۔
انجری کے فوری بعد کھلاڑی کا طبی معائنہ اور ایم آر آئی اسکین کرایا گیا، جس میں کمر کی تکلیف کی تصدیق ہوئی۔
پی سی بی کے مطابق ٹیم کے میڈیکل پینل نے تفصیلی معائنے کے بعد رائے دی ہے کہ عبداللہ فضل کی مکمل بحالی میں کچھ وقت درکار ہوگا، اسی لیے انہیں دونوں ٹیسٹ سیریز سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ مکمل صحت یاب ہو سکیں۔
نسیم شاہ کا کیریبیئن پریمیئر لیگ سے معاہدہ طے پا گیا
ترجمان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے عبداللہ فضل کے متبادل کھلاڑی کے انتخاب کا فیصلہ فوری طور پر نہیں کیا جائے گا اگرٹیم مینجمنٹ نے ضرورت محسوس کی تو مناسب وقت پر متبادل کھلاڑی کا اعلان کر دیا جائے گا۔
عبداللہ فضل کی عدم دستیابی قومی ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ وہ حالیہ عرصے میں عمدہ فارم میں تھے اور ٹاپ آرڈر میں اہم ذمہ داری نبھا رہے تھے۔
