وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر اور اے آئی کلائوڈ سکائی 47 قراقرم ون کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحرک، ترقی پسند اور شاندار مستقبل کے لیےسکائی 47 منصوبہ انتہائی اہم پیش رفت ہے،مشکلات اور چیلنجز کا امید اور حوصلے سے مقابلہ کریں تو معرکہ حق جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں،یہ منصوبہ پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے اور ملک کو ناقابل تسخیر سکیورٹی فراہم کرے گا،متحد ہو کر کام کریں تو کوئی بھی ہدف ناقابل حصول نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر اور اے آئی کلائوڈ سکائی 47 قراقرم ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث اعزاز ہے،جدید ترین ڈیٹا سینٹر انتہائی متاثر کن اور قابل تحسین ہے،عظیم منصوبے کا مشاہدہ کر کے بے حد خوشی ہوئی ہے جو انتہائی مختصر مدت میں غیر معمولی عزم ،پختہ یقین اور اعلی مہارت کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم اس ماڈل پر عمل پیرا رہیں تو نہ صرف ہم ماضی کے نقصان کا ازالہ کرپائیں گے بلکہ مستقبل کے لئے انتہائی متحرک ترقی یافتہ پاکستان بنا سکیں گے جو وقت کی ضرورت ہے، یہ کام مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں جس طرح کہ معرکہ حق میں ہم نے عظیم کامیابی حاصل کی جو پاکستان کی تاریخ کا عظیم ترین لمحہ تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب انسان کا عزم پختہ ہو تو سب کچھ ممکن ہے،چیلنجز اور مشکلات آتی ہیں لیکن اگر مشکلات اور چیلنجز کے مقابلے کے لیے امید ،حوصلہ اور توانائی ہو تو معرکہ حق جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں۔
Pakistan has launched Sky47 Karakoram 01, its largest AI-ready data centre campus in Islamabad, marking a major step towards digital transformation and AI growth.#Pakistan #ArtificialIntelligence #DigitalFuture #TechNews #Innovation pic.twitter.com/sznCdPS2O7
— Elite Pakistan (@ElitePakistanEP) July 24, 2026
وزیراعظم نے کہا کہ سکائی 47 جیسے عظیم منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت، شراکت دار زیڈ ٹی ای،وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بھرپور حمایت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،قوم کو سکائی 47 جیسا تحفہ دینے پر تمام سٹیک ہولڈرز کا مشکور ہوں، مسلسل محنت ایسے عظیم منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیتی ہے،اسی طرح کے منصوبے کراچی اور لاہور میں بھی مکمل کئے جائیں گے،تمام سرکاری اداروں کو اس سہولت سے منسلک کرنا چاہیئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے عوام کے لئے ایک بہترین تحفہ ہے جو ناقابل تسخیر سکیورٹی فراہم کرے گا اس منصوبے سے یہ امید اور حوصلہ ملتا ہے کہ اگر ہم متحد ہو کر کام کریں تو کوئی بھی ہدف ناقابل حصول نہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ڈیٹا سینٹر سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر کا افتتاح پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک نئے معاشی دور کے دروازے کھل رہے ہیں،ہم اپنے وسائل اور افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے، ڈیٹا سے حاصل ہونے والی بصیرت مستقبل کی حقیقی معاشی طاقت ہے،مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ محفوظ، کم لاگت اور موثر استعمال پر منحصر ہوگی۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے میدان میں آئندہ مسابقت ڈیٹا کے موثر استعمال پر ہوگی،سکائی 47 میں جدید سٹوریج ،جی پی یوز اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ سسٹمز دستیاب ہوں گے۔
سی ای او سکائی 47 حسن عباس نے کہا کہ دنیا میں 12 ہزار ڈیٹا سینٹرز ہیں جبکہ پاکستان میں صرف 22 ڈیٹا سینٹرز ہیں اور ہماری ڈیجیٹل گنجائش بہت زیادہ ہے، ہمارا ای کامرس بزنس 25 سے 30 فیصد سالانہ کی شرح سے فروغ پا رہا ہے، اس ڈیٹا سینٹر کے ذریعے ملک میں ڈیجیٹل شعبے میں ایک مضبوط بنیاد رکھی جا رہی ہے۔
معرکہ حق میں افواج نے جدید خود مختار نظام اور سائبر سیکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا، وزیراعظم
واضح رہے کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے،ڈیٹا سینٹر مصنوعی ذہانت ،مشین لرننگ اور ہائی پروفیشن کمپیوٹنگ کے تقاضے پورے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،ڈیٹا سینٹر کلائوڈ کمپیوٹنگ ڈیٹا ہوسٹنگ اور ڈیجیٹل خدمات کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا،ڈیٹا سینٹر حساس قومی اور تجارتی معلومات کو محفوظ رکھنے کا اہم ذریعہ ہے۔
