سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں پولیس کی جوائنٹ چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کو بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 12 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔
ناکامی کے بعد دہشتگردوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی۔ زور دار دھماکہ سے چیک پوسٹ کے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جس کے نیتجے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور جنگلات کے محکمے کا ایک اہلکار شہید ہو گئے۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر خارجی دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز فرار ہونے والے عناصر کی تلاش میں مصروف ہیں۔
کھڈ کوچہ مستونگ میں کارروائی،4دہشت گردہلاک
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘عزمِ استحکام’ مہم کے تحت بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ قومی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
