الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2 مراحل میں انتخابات کرانے کی صوبائی حکومت کی تجویز منظور کر لی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں پنجاب کے 18 اور دوسرے مرحلے میں بھی 18 اضلاع میں انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات گزشتہ کئی برس سے تاخیر کا شکار ہیں۔ صوبے میں آخری مرتبہ بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے، منتخب بلدیاتی اداروں کی مدت 31 دسمبر 2021 کو مکمل ہو گئی تھی۔ اس کے بعد صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلدیاتی قوانین میں تبدیلیوں اور حلقہ بندیوں کے مختلف مراحل کے باعث انتخابات کا انعقاد مسلسل مؤخر ہوتا رہا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، بہاولپور، چکوال، تلہ گنگ، سیالکوٹ، اوکاڑہ، قصور اور سرگودھا جبکہ دوسرے مرحلے میں اٹک، لیہ، ملتان، گجرات، جھنگ، خوشاب، ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیر آباد، فیصل آباد اور میانوالی میں انتخابات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حکومت پنجاب نے 16 نومبر کو بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز بھجوائی تھی، جس سے الیکشن کمیشن نے اتفاق کر لیا۔
الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کو باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کر دی۔
خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے پہلے موسمی حالات اور انتظامی مشکلات کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی درخواست کی تھی۔ حکومت کا مؤقف تھا کہ موسم سرما کے دوران اسموگ، شدید دھند اور خراب موسمی حالات کے باعث انتخابی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم بعد ازاں حکومت پنجاب نے اپنے مؤقف میں تبدیلی کرتے ہوئے موسم بہتر ہونے کے پیش نظر جنوری یا فروری 2027 میں انتخابات کرانے کی نئی درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوائی۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست اور دستیاب انتظامی امور کا جائزہ لینے کے بعد بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کی۔

