اسلام آباد میں سینیئر پولیس افسر کے گھر میں قتل ہونے والی 13 سالہ ملازمہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے جسم پر 20 نئے اور پرانے زخم پائے گئے جبکہ موت کی وجہ بار بار ہونے والا تشدد قرار دی گئی ہے۔
بچی کی لاش 2 روز قبل اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کی سرکاری رہائش گاہ سے برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق بچی وہاں پولیس سروسز آف پاکستان کے گریڈ 19 کے افسر محمد بن اشرف کی اہلیہ کے گھر ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔
واقعے کے بعد افسر کی اہلیہ اور گھر میں بچوں کو ٹیوشن دینے والے قاری کو گرفتار کیا گیا تھا جو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہیں۔
اسلام آباد کے پمز اسپتال میں کیے جانے والے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق بچی کو ایک نجی اسپتال سے مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔ اس کے بال کٹے ہوئے تھے، تشدد کی وجہ سے جسم جگہ جگہ سے سوجا ہوا تھا اور سر سے پاؤں کی انگلیوں تک نئے زخم اور پرانے زخموں کے نشانات پائے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید تشدد کے باعث جسم کے مختلف حصوں میں خون جم گیا تھا جبکہ دل اور گردوں میں بھی خون کے لوتھڑے موجود تھے۔ بچی کے بائیں بازو پر پرانا خراب شدہ زخم اور سینے پر بھی پرانے زخموں کے نشانات پائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق جسم میں شدید سوزش اور تھرومبو ایمبولزم پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں کارڈیو پلمونری اریسٹ ہوا اور دل و پھیپھڑوں نے کام کرنا چھوڑ دیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں بچی کو گزشتہ 3 سال سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق بچی کے والد اصغر کو مبینہ طور پر تشدد کا علم تھا، تاہم انہوں نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔
ذرائع کے مطابق بچی پر تشدد کے الزام میں گرفتار پولیس سروسز آف پاکستان کے 19ویں گریڈ کے افسر محمد بن اشرف کی اہلیہ نے تشدد کرنے سے انکار کیا ہے، تاہم اس کیس میں گرفتار قاری نے دورانِ تفتیش ملزمہ کی جانب سے بچی کو ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بنانے کا بیان دیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے بچی پر تشدد کے لیے استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈا بھی برآمد کر لیا ہے۔ ملزم قاری نے مبینہ طور پر بتایا کہ بچی کی حالت زیادہ خراب ہونے پر پہلے پولیس لائنز کے ڈسپنسر سے اس کا معائنہ کرایا گیا جس کے بعد معاملہ سنگین ہونے پر اسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں قائم کمیٹی کر رہی ہے۔ کیس تھانہ شمس کالونی میں بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، تاہم ابتدائی مقدمے میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا تھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق والد نے بتایا تھا کہ ان کی بیٹی قریبی رشتہ داروں کے ساتھ پولیس لائنز، ایچ 11 میں رہائش پذیر تھی اور مدرسے میں حفظِ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہی تھی۔ تاہم ایف آئی آر میں ان رشتہ داروں کی شناخت یا بچی سے ان کے رشتے کی وضاحت نہیں کی گئی۔
