امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایشیائی دورے کے دوران منیلا میں آسیان سربراہی اجلاس اور امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈ رہنماؤں کی متوقع ملاقات کے بعد چین میں شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات بھی متوقع ہیں۔
ایک ہی ہفتے میں ہونے والی ان سفارتی سرگرمیوں میں علاقائی سلامتی، تجارتی جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت اور جوہری ہتھیاروں پر بات چیت کے امکانات کے ساتھ بڑی طاقتوں کی جانب سے چھوٹے ممالک کے مستقبل کے فیصلے کرنے کے خدشات بھی نمایاں ہیں۔
ٹرمپ اور مودی کے درمیان متوقع ملاقات
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 15 سے 17 نومبر تک جاری آسیان سربراہی اجلاس میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنما امریکا، چین اور جاپان سمیت بڑی طاقتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی 16 اور 17 نومبر کو فلپائن کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ آسیان اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بھارت آسیان کے 11 رکنی اتحاد کا رکن نہیں بلکہ اس کا اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔
اسی اجلاس کے موقع پر امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے رہنماؤں کی کواڈ سربراہی ملاقات بھی متوقع ہے۔ رائٹرز کے مطابق یہ 2 سال میں کواڈ رہنماؤں کی پہلی سربراہی ملاقات ہوگی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوبارہ اقتدار میں واپسی کے بعد اس گروپ کا پہلا سربراہی اجلاس بھی ہوگا۔ یہ ملاقات کل (منگل) کو ٹرمپ کی منیلا آمد کے کچھ دیر بعد متوقع ہے جو آسیان اجلاس کا آخری دن ہے۔

کواڈ کے ایجنڈے میں اہم معدنیات کی فراہمی کے علاوہ تجارتی جہازوں کے لیے سمندری راستوں کو آزاد اور محفوظ رکھنے کا معاملہ شامل ہونے کا امکان ہے تاکہ دنیا بھر میں توانائی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کواڈ سربراہاں کی ملاقات میں تجارتی جہازوں پر حملوں کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ کواڈ ممالک اس گروپ کو کسی ایک ملک کے خلاف قرار نہیں دیتے تاہم اسے بحرالکاہل اور بحرہند کے خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کے مقابل ایک قوت سمجھا جاتا ہے۔
کواڈ رہنماؤں کا آخری اجلاس ستمبر 2024 میں امریکی ریاست ڈیلاویئر میں ہوا تھا جہاں انہوں نے آزاد اور کھلے بحرہند و بحرالکاہل کے عزم کا اعادہ کیا اور سمندری سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
ادھر ٹرمپ منیلا میں علاقائی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد چین کے شہر شینژن روانہ ہوں گے جہاں 18 اور 19 نومبر کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) فورم کا اجلاس ہوگا۔ رائٹرز کے مطابق وہاں ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس ملاقات کے ایجنڈے اور طریقہ کار پر مذاکرات جاری ہیں تاہم اب تک حتمی اتفاق نہیں ہو سکا۔
ٹرمپ، شی اور پیوٹن ملاقات میں کونسے معاملات زیر بحث آ سکتے ہیں؟
تینوں رہنماؤں کے اس ملاقات سے متعلق مقاصد مختلف ہیں۔ پیوٹن یوکرین کی جنگ اپنے حق میں ختم کرنے کے لیے کسی معاہدے کا امکان دیکھ رہے ہیں جبکہ ٹرمپ جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے حوالے سے پیش رفت چاہتے ہیں۔ تاہم چین کے پاس امریکا اور روس کے مقابلے میں کہیں کم جوہری ہتھیار ہیں اور بیجنگ اس معاملے پر سہ فریقی مذاکرات میں شامل ہونے سے ہچکچا رہا ہے۔ امریکا اور روس دونوں کے پاس 5 ہزار سے زیادہ جوہری وار ہیڈز ہیں جبکہ چین کے پاس تقریباً 500 ہیں اور وہ اپنے جوہری ذخیرے میں اضافہ کر رہا ہے۔ رائٹرز کے مطابق امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ جوہری معاملات پر کسی معاہدے کی توقع نہیں۔
یوکرین کی جنگ بھی ممکنہ ملاقات کے ایجنڈے پر اختلاف کا سبب ہے۔ ماسکو اس معاملے پر بات چیت چاہتا ہے جبکہ بیجنگ نے اسے ایجنڈے میں شامل کرنے کی مخالفت کی ہے۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے ملاقات میں یوکرین جنگ کا معاملہ اٹھائے جانے کا امکان نہیں کیونکہ سہ فریقی مذاکرات اس موضوع پر بات کرنے کے لیے مناسب فورم نہیں۔

اس ممکنہ ملاقات نے 1945 کی ’یالٹا کانفرنس‘ کی یاد بھی تازہ کردی ہے جس میں امریکا، برطانیہ اور سوویت یونین کے رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ رائٹرز کے مطابق اس کانفرنس میں اثرورسوخ کے دائرے متعین کیے گئے اور دوسری عالمی جنگ کے بعد عالمی نظام کی بنیاد رکھی گئی۔ بعد ازاں یالٹا کانفرنس کی اصطلاح بڑی طاقتوں کے ایسے معاہدوں کے لیے استعمال ہونے لگی جن میں چھوٹے ممالک کو اعتماد میں لیے بغیر ان کے مستقبل سے متعلق فیصلے کیے جاتے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق یوکرین اور تائیوان سمیت ان ممالک کو خدشہ ہے کہ بڑی طاقتیں ان کی غیر موجودگی میں کوئی سمجھوتا کر سکتی ہیں۔ یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ ملاقات ’یالٹا 2، 3 یا 4‘ میں تبدیل ہو جائے جہاں اثرورسوخ کی دوبارہ تقسیم کی جائے۔ دوسری جانب روسی قوم پرست اس ممکنہ ملاقات کو ماسکو کے لیے عالمی طاقت کی حیثیت منوانے کے موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
چین کے لیے بھی اس ملاقات کی میزبانی آسان نہیں ہوگی۔ بیجنگ 1945 کی یالٹا کانفرنس میں شریک نہیں تھا اور اب خود کو چھوٹے ممالک کے حقوق کا حامی ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب چین کے لیے امریکا اور روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں پر مذاکرات میں شامل ہونا بھی مشکل ہے کیونکہ اس کا جوہری ذخیرہ دونوں ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
یوں منیلا میں آسیان اور کواڈ اجلاسوں سے شروع ہونے والا ٹرمپ کا ایشیائی دورہ شینژن میں 3 بڑی طاقتوں کے رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات پر ختم ہوگا۔ تاہم رائٹرز کے مطابق تینوں رہنماؤں کے مختلف مقاصد اور اہم معاملات پر اختلافات کے باعث اس ملاقات سے کسی بڑے معاہدے کے امکانات محدود ہیں۔
جاسوسی تنازع اور ٹرمپ شی ملاقات کے ممکنہ موضوعات
ٹرمپ کا دورہ ایشیا ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا اور چین کے تعلقات میں ایک نیا تنازع بھی سامنے آیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق امریکی انٹیلی جنس کے حوالے سے این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے ایک ایسی خاتون سے مبینہ تعلقات کا معاملہ سامنے آیا ہے جس پر چین کے لیے جاسوسی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ الزامات بھی سامنے آئے ہیں کہ امریکی پابندیوں کے تحت چین کو فروخت نہ کیے جانے والے جدید سیمی کنڈکٹرز چینی خریداروں تک پہنچائے گئے۔ چین نے جاسوسی کے اس بیانیے کو اپنی ٹیکنالوجی کی ناکہ بندی کا جواز قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔
اس معاملے کے بعد امریکی کانگریس میں چین کو جدید چِپس کی فراہمی مزید محدود کرنے کی حمایت بڑھ رہی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے بھی کہا ہے کہ چین کی جدید چِپس تک رسائی محدود کرنے پر کانگریس میں اتفاق رائے بڑھ رہا ہے۔

چینی تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ یہ تنازع دونوں ممالک کے درمیان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں علیحدگی کو تیز کر سکتا ہے۔ تاہم ایک سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق ٹرمپ کی شی جن پنگ سے ملاقات میں جاسوسی کے الزامات براہ راست اٹھائے جانے کا امکان نہیں۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ بندی پر عمل درآمد اور چین کی جانب سے کیے گئے وعدوں کے علاوہ تائیوان کو 14 ارب ڈالر کے امریکی اسلحہ پیکج کی ممکنہ فروخت کا معاملہ بھی زیر بحث آ سکتا ہے۔
بیجنگ چاہتا ہے کہ ٹرمپ اس پیکج کی منظوری نہ دیں جبکہ امریکی صدر اسے چین کے ساتھ مذاکرات میں دباؤ کے ایک ذریعے کے طور پر روکنے کی بات کر چکے ہیں۔ ٹرمپ چین اور روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے معاملے میں بھی پیش رفت چاہتے ہیں تاہم چین ایسے مذاکرات میں شامل ہونے سے ہچکچا رہا ہے۔
ٹرمپ اور کم جونگ ملاقات
ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ایک اور ملاقات کے لیے بھی شی جن پنگ اور پیوٹن کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق ٹرمپ اس دورے کو اپنی سفارتی کامیابی اور عالمی سطح پر قیادت کا تاثر مضبوط کرنے کے موقع کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ بندی میں آئندہ برس 10 جنوری تک توسیع کی گئی ہے تاہم صورتحال بدستور نازک ہے۔ رائٹرز کے مطابق امریکا چین پر زور دے رہا ہے کہ وہ اس جنگ بندی کے تحت کیے گئے وعدے پورے کرے۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں کی دسمبر میں میامی میں جی 20 اجلاس کے موقع پر مزید بات چیت بھی متوقع ہے۔ اس کے باوجود دونوں فریق تجارتی تنازع دوبارہ بھڑکنے سے گریزاں ہیں کیونکہ گزشتہ سال اس کشیدگی نے عالمی معیشت اور مالیاتی منڈیوں کو متاثر کیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد امریکی صدر کی داخلی سیاسی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔ دوسری جانب چین کی برآمدات کی مضبوط صورت حال اور دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی استحکام برقرار رکھنے کے مشترکہ مفاد کے باعث فوری طور پر تجارتی کشیدگی بڑھنے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔
تاہم ٹرمپ کی آئندہ پالیسی اور دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، تائیوان اور جوہری ہتھیاروں پر اختلافات اس تعلق کو غیر یقینی بنا رہے ہیں۔
