سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان، آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کو کھلا خط لکھا ہے جس میں انہوں نے جیل میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
عمران خان نے خط میں طبی علاج کی فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں تین گھنٹے کی ملاقات کے دوران وکلا کو خط لکھوانے کی ہدایات دیں۔
وکلا کے توسط سے عدلیہ کو بھیجے گئے خط کے متن کے مطابق سپریم کورٹ کے طبی علاج اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوا جب کہ جیل میں تنہائی اور پابندیوں کا مقصد عمران خان کو ذہنی اور جسمانی طور پر توڑنا ہے۔
خط میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک کے 22ویں وزیراعظم کی حیثیت سے ملک کی خدمت کی لیکن اب میرے خلاف سیاسی انتقام کا بدترین سلسلہ شروع کیا گیا۔ ان کے بقول، میرے خلاف 100 سے زائد مقدمات اور متعدد بار قبل از گرفتاری ضمانتیں حاصل کرنا پڑیں۔
خط کے متن کے مطابق سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے مقدمات میں قانونی جنگ لڑتا رہا، کبھی ہمت نہیں ہاری، بار بار ضمانت ملنے کے باوجود انصاف کی امید دم توڑتی رہی اور عدالتی ریلیف عملاً غیر مؤثر ہو چکا ہے۔
انہوں نے شکایت کی کہ اڈیالہ جیل میں اہلیہ اور وکلا کو بھی مشکلات کا سامنا ہے اور عدالتوں کی جانب سے اپیلوں پر فیصلے کا انتظار ہے۔
عمران خان کے مطابق ایک سال میں صرف چار مرتبہ وکلا سے ملاقات کی اجازت دی گئی اور طویل تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ذہنی صحت کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کے بقول، جیل کے میڈیکل بورڈ نے بے چینی کی نشاندہی کرتے ہوئے اہلیہ اور خاندان سے زیادہ رابطے کی سفارش کی ہے۔
سابق وزیرِاعظم نے شکایت کی کہ اہلیہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی جیل حکام کی جانب سے بار بار منسوخ کی جاتی ہے جب کہ بیٹوں قاسم اور سلیمان کو فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔




