وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گڈ گورننس اور نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث جاری رہنی چاہیے، صوبوں کے معاملے پر کسی کو بحث سے نہیں روکا جاسکتا، عوام چاہیں تو نئے صوبے بنائے جائیں اور اگر عوام نہیں چاہتے تو نہ بنائے جائیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی شدید الفاظ میں مخالفت کی اور کہا کہ اگر زور زبردستی سندھ کو تقسیم کریں گے تو کراچی کی سڑکوں پر کچرا نہیں خون بہے گا ، صوبے کی تقسیم کریں گے تو معاشرے میں تقسیم ہو گی۔
عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام اچھی اور بہترین حکمرانی چاہتے ہیں، گورننس کی بہتری پر بحث کو کیوں روکا جائے؟ ہم خود کو نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کرسکتے۔ گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کے ایجنڈے کا حصہ ہونا چاہئیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جاسکتا، آپ اور میں کسی پر اپنا ذاتی ایجنڈا مسلط نہیں کرسکتے۔ عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے اور ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے، اسے کوئی چور دروازہ نہیں کہا جاسکتا۔ ریفرنڈم کے معاملے میں عوام کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس جانے پر کسی کو تحفظات نہیں ہونے چاہئیں، پاکستان اور سندھ کے عوام اگر نئے صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیے جائیں، یہ بالکل واضح بات ہے۔ صوبوں کے حوالے سے بحث ایک اہم معاملہ ہے اور اسے روکنا جمہوری و قانونی تقاضوں کے خلاف ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے؟ نئے صوبوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔ سوال یہ ہے کہ نئے صوبوں کے قیام پر خون بہانے کی بات کرنا کیسی سیاسی بصیرت ہے؟
انہوں نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس ان کو وجہ تنازعہ بنانے کی بجائے تعمیری انداز میں دیکھا جائے اس پر خون بہانے تک کی بات کرنا سیاسی بصیرت اور پختگی ہے، ریفرنڈم کو اگر پہلے کبھی غیر جمہوری انداز میں استعمال کیا گیا تو کیا آپ اس کی آڑ میں آپ عوام کو ان کے جمہوری حق سے محروم رکھ سکتے ہیں اور گڈ گورننس سے محروم رکھ سکتے ہیں کہ کیونکہ پہلے ریفرنڈم غلط طریقے سے استعمال ہوا تھا اس لیے اب بھی ریفرنڈم نہیں ہونا چاہیے یہ کوئی جواز نہیں ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے نیب کے معاملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے نیب اصلاحات بھی خود کیں اور اب الزام بھی اسی ادارے پر لگا رہی ہے، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ سیاست کی آڑ میں احتساب سے استثنیٰ حاصل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی کسی کو قانون سے بالاتر ہونے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے، ملک میں اچھی حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی مسائل کے حل پر بحث جاری رہنی چاہیے۔
میڈیا اور صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں اور میڈیا کے حقوق کے تحفظ کے لیے بہت کام کیا ہے۔ جمہوری معاشرے میں اختلاف رائے اور قومی معاملات پر بحث کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔



