فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے لیے فیصلے کی گھڑی قریب آ گئی ہے، ارجنٹینا اور اسپین کی ٹیمیں آج دنیا کی سب سے بڑی فٹبال ٹرافی کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔
لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے کے عزم کے ساتھ فائنل کھیلے گا۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 1-2 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔
دوسری جانب اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسپین کی ٹیم نے اپنی مضبوط دفاعی حکمت عملی کے باعث سات میچوں میں صرف ایک گول کھایا، جبکہ 13 گول کیے اور سیمی فائنل میں فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر عالمی کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔
فیفا ورلڈ کپ فائنل، ٹکٹوں کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا
ورلڈ کپ کی تاریخ میں برازیل نے 1958 اور 1962 میں مسلسل دو مرتبہ عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اب ارجنٹینا کے پاس موقع ہے کہ وہ میسی کی قیادت میں ایک اور یادگار کامیابی حاصل کرے، جبکہ اسپین دوبارہ دنیا کا چیمپئن بننے کی کوشش کرے گا۔
فائنل میں ارجنٹینا کی تجربہ کاری اور میسی کی قیادت کا مقابلہ اسپین کی منظم حکمت عملی اور مضبوط ٹیم ورک سے ہو گا۔ آج ہونے والا یہ فیصلہ کن معرکہ طے کرے گا کہ عالمی فٹبال کا نیا بادشاہ کون بنتا ہے؟
ادھر فائنل میچ میں ارجنٹینا اور اسپین کے ٹکراؤ سے قبل فاتح ٹیم کے حوالے سے نئی پیشگوئی نے شائقین فٹبال نے حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیلسی کے سابق ڈیفینڈر فرینک لیبوف نے پیشگوئی کی ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین ارجنٹائن کو 4 صفر سے عبرتناک شکست دے گا۔
