آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 میں ملک بھر سے 4 ہزار سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام پاکستان بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے نویں سے بارہویں جماعت کے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔
سمر کیمپ کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں انہوں نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور نوجوانوں کے قومی شعور کی اہمیت پر گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے شرکا کے سوالات بھی سنے اور مختلف امور پر تفصیلی اور مدلل جوابات دیے۔ خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور تشدد کی کسی بھی شکل کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
میر سرفراز بگٹی نے حالیہ عالمی بحرانوں کے دوران پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان عالمی منظرنامے میں مرکزِ نگاہ بن چکا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری، تحقیق اور شعور کے ساتھ کریں، کیونکہ گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
خیبر پختونخوا:اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات،نان ٹیچنگ اسٹاف کیلئے نئی ہدایات جاری
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گفتگو کے اختتام پر پاکستان اور بلوچستان کو ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کے مستقبل کے معمار ہیں اور ان کی مثبت تربیت و رہنمائی قومی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی طلبہ کے ساتھ یہ نشست نوجوانوں میں قومی شعور اجاگر کرنے، مختلف موضوعات پر آگاہی بڑھانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ایک اہم کاوش قرار دی جا رہی ہے۔
