سوشل میڈیا پر متنازع شخصیت اور انفلوئنسر اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن ٹیٹ کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ برطانیہ نے دونوں بھائیوں کی حوالگی کے لیے باضابطہ درخواست بھی دے دی ہے۔
امریکی مارشل سروس نے دونوں بھائیوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اینڈریو ٹیٹ اور ٹرسٹن ٹیٹ کو ہفتے کے روز میامی سے حراست میں لیا گیا۔ تاہم حکام نے کہا کہ گرفتاری کے وارنٹ سیل ہونے کے باعث ان پر عائد الزامات کی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی جا سکتیں۔
یو اے ای، ریستوران کے خلاف ہتک آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے پر سوشل میڈیا انفلوئنسر کو 81 ہزار درہم جرمانہ
دوسری جانب برطانیہ کے کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ دونوں بھائیوں کو امریکی حکام نے برطانیہ کی درخواست پر گرفتار کیا ہے اور اب ان کی حوالگی کے لیے قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔
برطانوی حکام کے مطابق اینڈریو اور ٹرسٹن ٹیٹ کو مجموعی طور پر 59 الزامات کا سامنا ہے، جن میں سے 42 الزامات اینڈریو ٹیٹ جبکہ 17 الزامات ٹرسٹن ٹیٹ پر عائد کیے گئے ہیں۔ ان میں ریپ، جنسی استحصال کے لیے انسانی اسمگلنگ کا انتظام یا معاونت، بچوں کی نازیبا تصاویر سے متعلق جرائم، ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ جیسے سنگین مقدمات شامل ہیں۔
سی پی ایس کے اسپیشل کرائم ڈویژن کے سربراہ میلکم میک ہیفی نے کہا کہ بیڈفورڈ شائر پولیس کی جانب سے نئے شواہد موصول ہونے کے بعد دونوں بھائیوں کے خلاف مزید مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ نئے شواہد سامنے آنے کے بعد اس کیس میں مبینہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی ہے۔
برطانیہ کی اسلام دشمن امریکی انفلوئنسر کی ملک میں داخلے پر پابندی
رواں سال برطانیہ کی ہرٹفورڈ شائر پولیس نے بھی اینڈریو ٹیٹ کے خلاف 2014 اور 2015 کے دوران سامنے آنے والے ریپ اور جنسی زیادتی کے الزامات کی تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ بیڈفورڈ شائر پولیس بھی مختلف خواتین کی جانب سے دائر ریپ اور انسانی اسمگلنگ کے مقدمات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ادھر ٹیٹ برادران کے وکیل جوزف میک برائیڈ نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مؤکل بے گناہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب عدالت کے سامنے تمام حقائق پیش کیے جائیں گے تو اینڈریو اور ٹرسٹن ٹیٹ بری ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ اینڈریو ٹیٹ سوشل میڈیا پر انتہائی متنازع شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ وہ خود کو روایتی مردانہ نظریات کا حامی قرار دیتے ہیں اور خواتین سے متعلق اپنے سخت اور متنازع بیانات کے باعث کئی بار تنقید کی زد میں آ چکے ہیں۔
معروف انفلوئینسر کے گھر چوری کی واردات، ویڈیو سامنے آگئی
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کے ایک کروڑ سے زائد فالوورز موجود ہیں، جبکہ فلوریڈا میں بھی گزشتہ سال ان کے خلاف ایک علیحدہ فوجداری تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا، جس کی موجودہ صورتحال تاحال واضح نہیں۔
