سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی سروس پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں متاثر ہونے کے بعد بحال ہوگئی۔ سروس بند ہونے کے باعث ہزاروں صارفین کو پلیٹ فارم استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آؤٹج ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق ہزاروں صارفین نے فیس بک کی سروس متاثر ہونے کی رپورٹس درج کرائیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسئلہ مختلف خطوں میں بیک وقت پیش آیا۔
صارفین نے فیس بک کی موبائل ایپ اور ویب سائٹ دونوں پر لاگ اِن میں ناکامی، نیوز فیڈ کے سست روی کا شکار ہونے یا بالکل لوڈ نہ ہونے سمیت مختلف تکنیکی مسائل کی شکایات کیں۔
رپورٹس کے مطابق فیس بک سے منسلک میسنجر سروس بھی متاثر ہوئی، جہاں بعض صارفین کو تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے علاوہ پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
سروس میں تعطل کے باعث متعدد صارفین نے اپنی شکایات درج کرانے اور صورتحال سے متعلق اپ ڈیٹس شیئر کرنے کے لیے متبادل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ایکس، کا رخ کر لیا، جہاں فیس بک کی بندش سے متعلق ہیش ٹیگز بھی تیزی سے گردش کرنے لگے۔
تاحال میٹا کی جانب سے سروس متاثر ہونے کی وجہ کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
