اٹلانٹا، فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی مصری ٹیم کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
امریکا کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں محمد صلاح کی قیادت میں مصر نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ارجنٹینا کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ میچ کے 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم نے گول کر کے مصر کو 1-0 کی برتری دلا دی۔
ارجنٹینا کو 21ویں منٹ میں پنالٹی کا سنہری موقع ملا، تاہم لیونل میسی کی طاقتور کک کو مصری گول کیپر نے شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔
دوسرے ہاف میں بھی مصر نے عمدہ کھیل جاری رکھا اور 67ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے دوسرا گول کر کے اسکور 2-0 کر دیا، جس کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا کہ مصر ایک بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
آسٹریلیا کے معروف فٹبالر ٹیٹے ینگی نے اسلام قبول کر لیا
تاہم دفاعی چیمپئن نے آخری لمحات میں زبردست کم بیک کیا۔ 79ویں منٹ میں رومیرو نے گول کر کے خسارہ کم کیا، جبکہ صرف چار منٹ بعد 83ویں منٹ میں لیونل میسی نے گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔
انجری ٹائم میں اینزو فرنینڈس نے فیصلہ کن گول کر کے ارجنٹینا کو 3-2 کی فتح دلا دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
