اسلام آباد: کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویتی وزیر خارجہ دورے کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح اپنے دورہ پاکستان کے دوران ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی تعاون، اقتصادی روابط، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔
🔈 PR No. 1️⃣9️⃣0️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Curtain Raiser: Visit of the Foreign Minister of the State of Kuwait to Pakistan (28–29 July 2026)
🔗⬇️ pic.twitter.com/xi5FJ70s2s
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 27, 2026
واضح رہے کہ 18 جولائی کو نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے کویتی ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جلد کمی آنا شروع ہو جائے گی، علی پرویز ملک
اس موقع پر کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں مکالمے کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مصالحتی کردار کو سراہا تھا۔
