ڈھاکا: بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے 21 سالہ فاسٹ باؤلر ناہید رانا نے اپنی شادی کی تقریب کو سادگی، مذہبی عقیدت اور خاندانی روایات کی خوبصورت مثال بنا دیا۔
بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر ناہید رانا نے اپنے ولیمے کی تقریب میں سیاسی شخصیات، کاروباری شخصیات یا دیگر معروف مہمانوں کے بجائے ایک مدرسے کے 100 سے زائد حفاظ کرام کو خصوصی طور پر مدعو کیا۔
تقریب میں موسیقی اور دیگر روایتی تفریحی سرگرمیوں کے بجائے قرآن پاک کی تلاوت اور نعت رسول مقبول ﷺ کا اہتمام کیا گیا، جس سے محفل روحانی اور پُروقار ماحول میں تبدیل ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق ناہید رانا نے حفاظ کرام کی مہمان نوازی کرتے ہوئے انہیں پرتکلف کھانا پیش کیا، جبکہ نقد رقم، نئے کپڑے اور جوتے بھی بطور تحفہ دیئے۔
اس موقع پر کرکٹر ناہید رانا نے کہا کہ ان کے والد ایک کسان ہونے کے ساتھ حافظ قرآن بھی ہیں، اور انہیں بچپن سے سادگی، دینی اقدار اور خدمت خلق کی تعلیم دی گئی۔ اسی تربیت کی بدولت انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز سادگی اور برکت کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز نے عبداللہ شفیق کو اپنے اسکواڈ سے ریلیز کردیا
ناہید رانا کے اس منفرد اقدام کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے دور میں جب شادیوں پر بے جا اخراجات اور شاہانہ تقریبات کا رجحان بڑھ رہا ہے، ناہید رانا نے اپنی سادگی، عاجزی اور مذہبی وابستگی سے ایک مثبت اور قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔
