یرپور، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں میرپور کے تین اہم حلقوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دو جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک نشست اپنے نام کر لی۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفٰی مغل کے مطابق حلقہ ایل اے-1 میرپور ون سے مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، پیپلز پارٹی کے امیدوار افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے۔
اسی طرح حلقہ ایل اے-4 میرپور سے مسلم لیگ (ن) کے چودھری رخسار 22 ہزار 376 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار صہیب 15 ہزار 851 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب سیکریٹری الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے حلقہ ایل اے-3 میرپور کے نتائج کا بھی اعلان کر دیا۔
اس حلقے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چودھری یاسر سلطان 12 ہزار 590 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چودھری محمد سعید 11 ہزار 81 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
آزاد کشمیر انتخابات، ن لیگ 3 ، پیپلز پارٹی 2نشست پرکامیاب، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ مجموعی طور پر پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔
ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور انداز میں انتخابات میں حصہ لیا، تمام حلقوں میں پولنگ پرامن ماحول میں ہوئی اور ووٹرز نے بڑی تعداد میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
انہوں نے انتخابی عمل کے کامیاب انعقاد پر متعلقہ اداروں، انتخابی عملے اور سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا۔
