عالمی مارکیٹ میں تیل مزید مہنگا ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں آج خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
بلومبرگ کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ تیل کے مستقبل کے سودے 0.82 ڈالرکے اضافے کے بعد 69.37ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔
دوسری جانب برطانوی برینٹ کروڈ آئل کے مستقبل کے سودے 0.88ڈالرکے اضافے کے بعد 72.87ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اثر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے، گزشتہ جمعہ کو پاکستان میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 24.10 ڈالر کی کمی کے بعد 4143.40ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔ چاندی کی قیمت 0.82ڈالر کی کمی کے بعد 61.51ڈالر فی اونس رہی۔
پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کاروباری ہفتے کے دوران ایک بار پھر قیمتی دھات کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 34 ہزار 936 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
سعودی عرب کا ایشیائی ممالک کو بڑا ریلیف؛تیل کی قیمت 26 سال کی کم ترین سطح پر کردی
صرافہ ڈیلرز کے مطابق 24 قیراط خالص سونے کی قیمت میں کمی کے اثرات دس گرام سونے کی قیمت پر بھی مرتب ہوئے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 143 روپے کم ہونے کے بعد 3 لاکھ 72 ہزار 887 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی، امریکی ڈالر کی مضبوطی، عالمی مالیاتی منڈیوں میں استحکام اور سرمایہ کاروں کے رجحانات میں تبدیلی کے باعث مقامی مارکیٹ بھی متاثر ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں آنے والی کمی کا براہِ راست اثر پاکستان کی صرافہ مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آیا۔
