راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے ملاقات کی، جس میں پیشہ ورانہ امور اور نئی ذمہ داریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل سید عامر رضا کو کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عامر رضا کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ تقریب قومی دفاع کے لیے مسلح افواج کے عزم اور شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی روایت کا حصہ ہے۔
اس سے قبل امریکی وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ریان کیتھ زنکے (ریاست مونٹانا) اور مائیکل جیمز (ریاست واشنگٹن) نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت ملک میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، دوطرفہ اقتصادی روابط اور خوشحالی کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
