سلہٹ میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز میزبان ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے اور پاکستان پر دباؤ مسلسل برقرار ہے۔
بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 326 رنز کی بھاری برتری حاصل ہو چکی ہے۔
میچ کے تیسرے روز بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز 110 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان نجم الحسن شنتو اور مشفق الرحیم کریز پر موجود تھے۔ تاہم 115 کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کو چوتھا جھٹکا لگا جب نجم الحسن شنتو 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس سے قبل دوسری اننگز میں محمود حسن جوئے 52، مومن الحق 30 اور تنزید حسن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد اب تک 3 اور محمد عباس ایک وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔
Silky strokes, steady nerves ✨Litton Das brings up another Fifty pic.twitter.com/SDq2dRzC9p
— Bangladesh Cricket (@BCBtigers) May 18, 2026
میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بنگلادیش کے 278 رنز کے جواب میں 232 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی اور یوں میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی قیمتی برتری ملی۔
پاکستان نے دوسرے دن کا آغاز بغیر کسی نقصان کے 21 رنز سے کیا تھا مگر اوپنرز اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شان مسعود بھی 21 رنز ہی بنا سکے۔ مڈل آرڈر میں بابر اعظم نے 68 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ سعود شکیل 8، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بنا سکے۔ ٹیل اینڈرز میں ساجد خان نے 38 اور حسن علی نے 18 رنز کا اضافہ کیا۔ بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ میچ کے پہلے روز بنگلادیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس میں لٹن داس کے شاندار 126 رنز شامل تھے۔ پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3 اور حسن علی نے 2 وکٹیں لی تھیں۔ قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں بنگلادیش کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے، جہاں اس نے میرپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔
