چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی شریک ہوئیں ۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،بلاول بھٹو اور پارلیمانی پارٹی کے اراکین کے درمیان آزاد کشمیر کی صورتحال پر مشاورت ہوئی ۔

اراکین پارلیمانی پارٹی نے بلاول بھٹو اور فریال تالپور کو حالیہ صورتحال پر تجاویز دیں،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور نے اراکین کی تجاویز کو سنا۔
بلاول بھٹونے آزاد جموں و کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیریوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی۔

سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں،وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کروں گا، مسائل کا حل اسمبلی سے نکالا جائے گا۔
