سلہٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بنگلادیش کے خلاف قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 278 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا۔ مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے۔ اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔
61 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ کپتان شان مسعود کی گری۔ وہ 21 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 79 رن پر گر گئی۔ جب سعود شکیل 8 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
بابر اعظم جم کر کھیلے اور انہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ وہ 10 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد پاکستان کی چھٹی وکٹ 150 رنز پر گری جب سلمان علی آغا 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان بھی زیادہ دیر پچ پر کھڑے نہ رہ سکے اور 174 کے مجموعی اسکور پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 184 کے مجموعی اسکور پر گری۔ حسن علی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ساجد خان نے بنگلادیش کے اسپنر کو لگاتار 3 چھکے لگا کر ٹیم کو سہارا دیا۔ تاہم ساجد خان بھی صرف 38 رنز ہی بنا سکے اور پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اور بنگلادیش کو دوسری اننگز میں 46 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
بنگلادیش کی جانب سے تیج الاسلام اور ناہید رانا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ مہدی حسن اور تسکین احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بنگلادیش کی جانب سے محمود الحسن اور تنزید حسن بیٹنگ کے لیے آئے۔ محمود الحسن بغیر کوئی رنز بنائے محمد عباس کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تنزید حسن نے 26 رنز بنائے انہیں محمد عباس نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا، مومن الحق 22 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ نجمل حسین شانتو 29 رنز بنا سکے، وہ بھی محمد عباس کا شکار بنے ان کا کیچ وکٹ کیپر محمد رضوان نے لیا۔
مشفق الرحیم 23 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، مہدی حسن میراز 4 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر حسن علی کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 176 کے مجموعی اسکور پر گری، تیج الاسلام 16 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اسکور جب 214 رنز پر پہنچا تو آٹھویں وکٹ تسکین احمد کی گری، انہوں نے سات رنز بنائے اور خرم شہزاد کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی جانب سے لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 126 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ناہید رانا بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: حسن علی کی فیلڈنگ کے دوران حادثہ، کیچ لیتے ہوئے سر زمین سے ٹکرا گیا
بنگلادیش کی پوری ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے چار، محمد عباس نے تین، حسن علی نے دو جبکہ ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
