کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
صوبائی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ اسلحے کی نمائش اور استعمال، ڈبل سواری، کالے شیشوں والی اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
اسی طرح 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوسوں اور ریلیوں پر بھی ایک ماہ کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے پر بھی پابندی ہو گی۔ جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
صوبائی معاون وزیر داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ جبکہ کالعدم تنظیموں کی کسی بھی مہم جوئی کا سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیکیورٹی فورسز الرٹ، ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات مکمل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کے بلز میں فی یونٹ کتنا ٹیکس وصول کیا جاتا ہے؟ حقائق سامنے آگئے
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدامات حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور پولیس موبائلز پر ہونے والے حملوں کے بعد کیے گئے ہیں۔
