یونان سے جرمنی جانے والی ریان ایئر (Ryanair) کی پرواز کے دوران ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جب ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کی ایک کھڑکی اپنی جگہ سے اکھڑ گئی، جس کے باعث کیبن کا دباؤ اچانک ختم ہوگیا اور ایک مسافر جزوی طور پر کھڑکی سے باہر کی جانب کھنچ گیا۔
رپورٹس کے مطابق بوئنگ 737-800 طیارہ یونان کے شہر تھیسالونیکی (Thessaloniki) سے جرمنی کے شہر میمنگن (Memmingen) جا رہا تھا کہ تقریباً چند منٹ بعد زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی، آکسیجن ماسک خودکار طور پر نیچے آگئے اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
امریکا میں مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران ٹرک سے ٹکرا گیا
عینی شاہدین کے مطابق کھڑکی کے ساتھ بیٹھا 61 سالہ سربیائی مسافر دباؤ ختم ہونے کے باعث اپنے سر اور کندھوں تک جہاز سے باہر کی جانب کھنچ گیا، تاہم اس نے سیٹ بیلٹ باندھ رکھی تھی، جس کی وجہ سے وہ مکمل طور پر باہر نہیں نکلا۔ دیگر مسافروں نے فوری طور پر اسے پکڑ کر دوبارہ اندر کھینچ لیا، جس سے اس کی جان بچ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق انجن کے ایک حصے سے اڑنے والا ملبہ کھڑکی سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں کھڑکی ٹوٹ گئی اور کیبن میں اچانک دباؤ کم ہوگیا۔ واقعے کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر طیارے کا رخ موڑا اور ہنگامی طور پر تھیسالونیکی ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
افسوس ناک فضائی حادثہ، طیارہ عمارت سے ٹکرا گیا
ریان ایئر کا کہنا ہے کہ طیارہ محفوظ طریقے سے واپس اتارا گیا، ایک زخمی مسافر کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ باقی مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے جرمنی روانہ کیا گیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے یونان، مالٹا اور دیگر متعلقہ فضائی حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
