ضلع دیامرمیں طغیانی اورسیلابی ریلوں سے مختلف علاقوں میں تباہی مچ گئی ، تھورمیں موسلا دھار بارش کے باعث 6 سے زائد مقامات پر سیلابی صورتحال ہے۔
ہم نیوز کے مطابق سیلابی ملبہ گھروں میں داخل ہوگیا۔ زرعی زمینیں، فصلیں اوردرخت بہہ گئے،تھورکی رابطہ سڑک متعدد مقامات پربند ہے،ٹریفک معطل، بجلی بھی منقطع ہوگئی۔
نجی کمپنی کے13 ڈمپر، ایک ایکسویٹر،ایک کریش پلانٹ اور2واٹرٹینکر سیلاب میں بہہ گئے،کھنبری میں زرعی زمینوں، فصلوں، درختوں اور رابطہ سڑک کو شدید نقصان پہنچا۔
بونرداس میں سیلاب سےشاہراہ قراقرم ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ، مسافر، مال بردار گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے،متاثرہ علاقوں میں بجلی کانظام درہم برہم ہوکر رہ گیا،متعدد علاقوں میں رات گئےسےبجلی معطل ہے۔
نیاٹ میں شدید سیلاب سے رابطہ سڑک متعددمقامات پربند ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،سیلاب سےنیاٹ کی رابطہ سڑک کونقصان پہنچا، متعددمقامات پر ٹریفک معطل ہے۔
متاثرین نے حکومت سےفوری امداد، بجلی بحال اورسڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
