پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ شین میکڈرمٹ نے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ شین میکڈرمٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اپنا استعفیٰ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے شین میکڈرمٹ نے نجی مصروفیات کے باعث بطور فیلڈنگ کوچ ذمہ داریاں چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ کچھ عرصہ قبل پی سی بی سے چھٹی لے کر اپنے وطن آسٹریلیا واپس گئے تھے۔
شین میکڈرمٹ کا پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ساتھ فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ساتھ ختم ہو گیا pic.twitter.com/uNqNRZUyYh
— Sohail Imran (@sohailimrangeo) July 11, 2026
ذرائع کے مطابق شین میکڈرمٹ کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تین سالہ معاہدہ تھا تاہم انہوں نے معاہدے کی مدت مکمل ہونے سے قبل ہی استعفیٰ دے دیا۔
شین میکڈرمٹ نے 5 جولائی 2025 کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، وہ پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
شین میکڈرمٹ کی کوچنگ کے دوران قومی ٹیم کی فیلڈنگ میں واضح بہتری آئی جسے ان کی محنت کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے، ان کے استعفیٰ دینے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو مصروف بین الاقوامی شیڈول سے قبل نئے فیلڈنگ کوچ کی تلاش کرنا ہوگی۔
