فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کرنے والے فٹبالر جے ڈن ایڈمز 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نوجوان فٹبالر جے ڈن ایڈمز نے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جنوبی افریقا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ تاہم ان کے انتقال کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
جنوبی افریقا کے وزیر کھیل گیٹن میک کینزی نے فٹبالر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مامیلودی سن ڈاؤنز اور بافانا بافانا کے باصلاحیت مڈفیلڈر جے ڈن ایڈمز کی وفات قومی فٹبال کے لیے بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا نے ایک بہترین اور ہونہار نوجوان ٹیلنٹ کھو دیا ہے۔ جبکہ پوری قوم ان کے اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں اور لاکھوں مداحوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، جنہوں نے انہیں ایک ابھرتے ہوئے اکیڈمی کھلاڑی سے قومی ٹیم کے اہم رکن بنتے دیکھا۔
وزیر کھیل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور اس مشکل وقت میں مرحوم کے اہل خانہ اور ان کے کلب مامیلوڈی سن ڈاؤنز کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
پولیس حکام کے مطابق جے ڈن ایڈمز کی لاش ان کے گھر سے ملی ہے، جبکہ ان کی اچانک موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026؛ مراکش کو شکست دیکر فرانس سیمی فائنل میں پہنچ گیا
نوجوان فٹبالر کی اچانک وفات کی خبر نے جنوبی افریقی فٹبال حلقوں اور شائقین کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔
