عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں بدھ کے روز 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کی کمزوری اور امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی امیدیں ہیں۔
اسپاٹ گولڈ 2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,647.09 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی بڑھ کر 4,658 ڈالر ہو گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی حفاظت کے لیے جاری آپریشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، کیونکہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے میں پیش رفت ہو رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی اور خطے میں کشیدگی کم ہونے سے سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا، جبکہ امریکی ڈالر کی کمزوری نے بھی اسے مزید تقویت دی۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بتایا کہ “آپریشن ایپک فیوری” ختم کر دیا گیا ہے، اور مزید کشیدگی سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھی تو سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے، جبکہ سرمایہ کار اس ہفتے جاری ہونے والے امریکی روزگار کے اعداد و شمار پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں، جو فیڈرل ریزرو کی آئندہ پالیسی پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی 3.4 فیصد، پلاٹینم 2.4 فیصد اور پیلیڈیم 2.6 فیصد مہنگے ہوئے۔
