دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ سے متعلق چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کپتان شان مسعود اور ڈائریکٹر محمد حفیظ سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض کو چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی منظوری کا انتظار ہے، قومی کرکٹ ٹیم میں ایک سے 2 تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے زیادہ تر کھلاڑی برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ فاسٹ بالر نسیم شاہ کی انجری کے باعث میر حمزہ اور خرم شہزاد مضبوط امیدوار ہیں۔
وہاب ریاض قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر مقرر
قائداعظم ٹرافی میں خرم شہزاد نے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میر حمزہ قائداعظم ٹرافی میں 32 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، آل راؤنڈر محمد نواز کی قومی اسکواڈ میں شمولیت خطرے سے دوچار ہے۔
محمد نواز نے آخری ٹیسٹ انگلینڈ کیخلاف کھیلا، دورہ سری لنکا میں بینچ پر رہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کنڈیشن کے مطابق ایک اضافی فاسٹ باؤلر اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
حارث رؤف کی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے باعث سلیکشن مشکل ہے، ذرائع کے مطابق محمد حسنین اور احسان اللہ انجری کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔