الیکشن کمیشن کا جنوری کے آخری ہفتےمیں انتخابات کرانے کا اعلان

الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 27 ستمبر کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست شائع کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویزکی سماعت کے بعد 30 نومبرکو حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کروادیئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن ہی صرف الیکشن کروا سکتاہے، چودھری سالک

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں، الیکشن ایجنٹوں اور انتخابی امیدواروں کے لیے ضابطہ اخلاق کا ڈرافٹ جاری کرتے ہوئے مزید مشاورت کے لیے سیاسی جماعتوں کو 4 اکتوبر کو دعوت دی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے سیکشن 233، الیکشن ایکٹ 2017، کے تحت ضابطہ اخلاق پر مشاورت کے لیے سیاسی جماعتوں کا اجلاس 4 اکتوبر 2023 کو دوپہر 2 بجے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں طلب کر لیاہے۔

ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں ضابطہ اخلاق کے ڈرافٹ کی ایک کاپی بھی سیاسی پارٹیوں کے سربراہان کو بھیج دی گئی ہے تاکہ مشاورت کے وقت وہ ضابطہ اخلاق پر بہتر انداز میں اپنا فیڈ بیک دے سکیں۔

سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ، الیکشن کمیشن ہی انتخابات کی تاریخ دے گا ، بلاول بھٹو

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے 88 نکات پر مشتمل مجوزہ ضابطہ اخلاق جاری کیا۔ اس کے مطابق صدر، وزیراعظم، وزرا اور عوامی عہدیدار انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اس کے علاوہ سینیٹرز اور بلدیاتی نمائندے انتخابی مہم چلا سکیں گے اور ترقیاتی اسکیموں کے اعلانات پر پابندی عائد ہوگی۔

اس ضابطہ اخلاق کے مطابق عدلیہ، نظریہ پاکستان کے خلاف گفتگو اور مہم پر پابندی ہوگی جبکہ سیاسی جماعتیں، امیدوار رشوت، تحائف، لالچ نہیں دیں گے۔

اگر 30 نومبر کو حتمی فہرست کے بعد 54 دن میں الیکشن کرائے جائیں تو 24 جنوری 2024ء  الیکشن کا دن بنتا ہے جس کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن ہی کرے گا۔


متعلقہ خبریں