ایشیا کپ سے قبل سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار


دبئی:  سری لنکن کھلاڑی دنوشکا گناتھیلکا انجری کا شکار ہو کر ایشیا کپ 2018 سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ آل راونڈر شایان جے سوریا ٹیم اسکواڈ میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ 

رپورٹس کے مطابق دنوشکا ٹریننگ سیشن کے دوران کمر میں چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ رواں سال دنوشکا دوسری مرتبہ پچاس اوورز کے فارمیٹ کا حصہ نہیں بن پائے۔ اس سے پہلے جولائی اور اگست میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ضوابط  کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں معطل کر دیا گیا تھا۔ 

دنوشکا ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والے دوسرے سری لنکن کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے دینیش چندی مال بھی زخمی ہونے کے باعث ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔ 

چندی مال دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی کے فریکچر سے صحتیاب نہ ہونے کے باعث ٹیم سے ڈراپ ہو گئے۔ ان کی جگہ نروشن ڈیکویلا کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔ 

ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 15 ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ 

ٹورنامنٹ کا سب سے اہم میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ 

رواں ماہ 15 سمتبر سے شیڈول کیے گئے ایشیاء کپ میں حصہ لینے والی چھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان ، بھارت اور ہانگ کانگ جبکے گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ 


متعلقہ خبریں