بنکاک: تھائی لینڈ میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے منفرد حکمت عملی اپنالی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ کے تھا لوانگ پولیس اسٹیشن کے پانچ مرد اور ایک خاتون اہلکار نے پولیس کرنل پانتھیپ پانادی کی نگرانی میں خفیہ کارروائی کے لیے رنگا رنگ ملبوسات زیب تن کیے اور مشن پر روانہ ہو گئے۔
پولیس اہلکاروں نے ایک ڈانس گروپ کا روپ دھارا اور موسیقی پر رقص کرتے ہوئے مشتبہ افراد کے قریب پہنچ گئے تاکہ کسی کو ان پر شک نہ ہو۔
رپورٹس کے مطابق اہلکار تقریب کے ماحول میں گھل مل گئے اور مناسب موقع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 53 سے زائد میتھ گولیاں، منشیات کی پیکنگ اور ترسیل میں استعمال ہونے والے 200 پلاسٹک بیگز اور ایک موبائل فون برآمد کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: رواں سال دنیا کی طویل ترین نان اسٹاپ پروازیں، سنگاپور ایئرلائن سرفہرست
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں نت نئے طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزمان کو بغیر مزاحمت کے قابو کیا جاسکے۔
