گلگت: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کی تردید کر دی۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان کو گلگت بلتستان پولیس نے ہنزل کے مقام پر گرفتار کیا۔ جنید اکبر الیکشن مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کے دورے پر تھے۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان نے کہا کہ مجھے کہا گیا آپ کے پاس این او سی نہیں اس لیے گلگت سے نکل جائیں۔ کیا گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ نہیں ہے؟
جنید اکبر خان کے علاوہ رکن قومی اسمبلی سلیم الرحمان اور سید محبوب شاہ سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
اس سے قبل گلگت پہنچنے کے بعد جنید اکبر خان نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے سے روکا گیا تو پارٹی پورے گلگت بلتستان میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دے سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے انہیں الیکشن کمیشن کی ہدایت پر علاقے سے جانے کو کہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پائیدار اور بلند شرح نمو کی راہ پر گامزن ہے، اسحاق ڈار
دوسری جانب گلگت بلتستان کے الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے ان تمام خبروں کی سختی سے تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی رہنما کو گرفتار نہیں کیا گیا اور تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات 7 جون کو جبکہ بلدیاتی انتخابات 14 جون کو منعقد ہو رہے ہیں۔
