اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا اوراسلام آباد کے کونے کونے میں تجاوزات کا خاتمہ کریں گے۔ پیر کو احتساب عدالت کے اطراف میں قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔
ہم نیوز کے مطابق اتوار کے دن کشمیر ہائی وے کے اطراف اور سیکٹر جی 12 میں آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔ آپریشن میں سی ڈی اے کے 350 اہلکاروں سمیت وفاقی پولیس، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ کے ڈیڑھ ہزار اہلکاروں نے حصہ لیا۔
آپریشن میں ہیوی مشینری کے استعمال سے غیر قانونی طور پر قائم ہوٹلز، مارکیٹس اور ہاسٹلز سمیت 21 عمارتوں کو گرایا گیا جب کہ گزشتہ روز گرائے گئے گلیکسی مارکی کو بھی مکمل طور پر مسمار کردیا گیا۔
ہفتہ کے روز تجاوزات کے خلاف آپریشن میں غیر قانونی طور پر قائم شادی ہالوں، ہوٹلز، کار شورومز اور ہاسٹلز سمیت 12 سے زائد عمارتوں کو مسمار کیا گیا تھا جب کہ مزاحمت کرنے پر 20 افراد گرفتار بھی ہوئے تھے۔
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بھی آپریشن کے موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے اس موقع پرذرائع ابلاغ کو یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد کے ایک ایک کونےمیں بلاامتیاز آپریشن ہوگا۔
سی ڈی اے ممبر اسٹیٹ خوشحال خان آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے جب کہ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفاعت بھی موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری کا آپریشن سے متعلق میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تجاوزات ختم کر کے سرکاری زمین واگزار کرائی جائے گی جب کہ قابضین کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔
انتظامیہ نے وا گزار کی گئی اراضی پر تین ہزار درخت لگانے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے اطراف میں آپریشن کیا جائے گا۔