فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ حکومتی سبسڈی برقرار رکھنے کے لیے وہ اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیقی عمل فوری مکمل کریں بصورت دیگر انہیں سبسڈی سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔
فیسکو کے مطابق وزارت توانائی کی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر کے احکامات پر بجلی کے بلوں پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین کی رجسٹریشن اور تصدیقی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق صارفین کو کراس سبسڈی کی سہولت بلا تعطل فراہم کرنا اور سبسڈی کے نظام کو مزید شفاف، محفوظ اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔
ترجمان فیسکو محمد سعید رضا کے مطابق فیسکو ریجن میں حکومتی سبسڈی کے اہل پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد 39 لاکھ 51 ہزار 336 ہے، جن میں سے اب تک 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین کامیابی سے کیو آر ویریفکیشن مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین نے تاحال تصدیقی عمل مکمل نہیں کیا، جس کے باعث مستقبل میں ان کی سبسڈی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
فیسکو نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تازہ بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ موبائل فون سے اسکین کریں، قومی شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کریں، پھر موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) داخل کرکے ویریفکیشن مکمل کریں۔
فیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام کا مقصد غیر مستحق افراد کی جانب سے سبسڈی کے غلط استعمال کی روک تھام اور حکومتی ریلیف حقیقی حقدار صارفین تک پہنچانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے واٹس ایپ صارفین کو اہم ہدایات جاری کر دیں
ترجمان نے صارفین کو تاکید کی کہ وہ صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ استعمال کریں اور کسی بھی جعلی ویب سائٹ، مشکوک لنک یا غیر مصدقہ پلیٹ فارم پر اپنی ذاتی معلومات ہرگز درج نہ کریں۔
