سیکریٹری الیکشن کمیشن آزاد کشمیر راجہ شکیل خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ کل میرپور ڈویژن میں منعقد ہوگا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور انتخابی ادارہ شفاف، آزادانہ اور پرامن پولنگ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
راجہ شکیل خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کے لیے 22 ہزار سے زائد انتخابی عملہ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ میٹریل بھی بروقت پہنچا دیا گیا ہے تاکہ ووٹنگ کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مقررہ وقت پر شروع ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے بھی مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عملے کی تربیت جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل کی گئی ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس، رینجرز اور فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکار حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے، جبکہ مجموعی سیکیورٹی صورتحال ہائی الرٹ رکھی گئی ہے۔
راجہ شکیل خان نے واضح کیا کہ تمام اضلاع میں انتخابی سرگرمیاں پرامن ماحول میں جاری ہیں اور اب تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر انتخابات کے بائیکاٹ سے متعلق پرانی ویڈیو دوبارہ شیئر کرکے بے بنیاد تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا موجودہ انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ووٹ ان کا سب سے مؤثر جمہوری ہتھیار ہے، لہٰذا وہ بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف عوام خود بھی شکایات درج کرا رہے ہیں۔
