پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے بھرپور گہماگہمی نظر آ رہی ہے اور انہیں یقین ہے کہ کشمیری عوام پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ (ن) کو مسترد کر دیں گے، کیونکہ ن لیگ عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے وفاق میں فارم 47 کے ذریعے حکومت بنائی، جبکہ پنجاب میں بھی “چور دروازے” سے اقتدار حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کے بغیر اقتدار میں آنے والی جماعت کو کشمیری عوام بھی مسترد کردیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کو جوڑنے والی جماعت ہے اور ہمیشہ جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتی رہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کسی بھی قسم کی دھاندلی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی وزرا نے انتخابی مہم کے لیے آزاد کشمیر میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور اس وقت بھی متعدد وفاقی وزرا وہاں موجود ہیں۔
کشمور ہو یا کشمیر، کوئی بھی اپنے حق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دے گا، بلاول بھٹو
انہوں نے الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں الیکشن کمیشن نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ان کے بقول ایک صوبے کی وزیراعلیٰ مسلسل انتخابی اعلانات کرتی رہیں، مگر الیکشن کمیشن نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔
سینئر پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ 20 کروڑ روپے مالیت کی بسیں بھیج کر کشمیری عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرے تاکہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنائے جا سکیں۔
