مظفر آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمور ہو یا کشمیر کوئی بھی اپنے حق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دے گا اور نہ ہی لوگ اپنے مستقبل کا فیصلہ کسی دوسرے شہر یا صوبے کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ ن کو مسترد کیا تھا اور آئندہ انتخابات میں بھی یہی فیصلہ دہرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرپور خاص کی طرح میرپور کے عوام بھی تیر کے نشان پر مہر لگا کر شیر کو شکست دیں گے اور حق حاکمیت اور حق روزگار کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ منگلا ڈیم کی تعمیر کے لیے میرپور کے عوام نے اپنی زمینیں، گھر اور مستقبل قربان کیا، جس کی بدولت پاکستان کے کئی شہر روشن ہوئے۔ اوورسیز کشمیریوں نے بھی ترسیلات زر کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بارشوں کا نیا اسپیل، محکمہ موسمیات نے متعدد اضلاع کیلئے پیشگوئی کردی
انہوں نے کہا کہ اتنی قربانیوں کے بعد یہ کہنا درست نہیں کہ میرپور کے عوام کا اس سرزمین پر برابر کا حق نہیں۔ پاکستان کو میرپور کا قرض ادا کرنا چاہیے اور کشمیری عوام کو بھی وہی حقوق ملنے چاہییں جو پاکستان کے ہر شہری کو حاصل ہیں۔
