پشاور، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 19 جولائی سے 26 جولائی تک بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 13 مرد، 3 خواتین اور 16 بچے شامل ہیں، جبکہ شدید بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران مزید 26 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 19 مکانات کو جزوی جبکہ 7 مکانات کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔
مجموعی طور پر 19 سے 26 جولائی کے دوران بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 72 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 55 مکانات جزوی اور 17 مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف حادثات کے دوران 46 مویشی بھی ہلاک ہوئے، جس سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مون سون بارشوں سے تباہی ، مختلف شہروں میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے مزید 19 افراد جاں بحق
ادارے کے مطابق متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے سروے کا عمل بھی جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
