کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے اہم معاہدے کی منظوری دے دی جس کے بعد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت اور استحکام ملنے کی توقع ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت پاکستان اور کویت عسکری تربیت، دفاعی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ دفاعی حکمت عملی کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔
رپورٹس کے مطابق معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے پاک کویت مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں دونوں ممالک کے نامزد نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی سالانہ اجلاس منعقد کرے گی، جس میں دفاعی تعاون کا جائزہ لینے اور مستقبل کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے پر غور کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے دفاعی روابط کا اہم حصہ ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دشمن کے ہتھیار ڈالنے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سربراہ ایرانی سیکیورٹی کونسل
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے معاہدے عسکری تربیت، پیشہ ورانہ مہارت، تجربات کے تبادلے اور خطے میں سیکیورٹی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان تاریخی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
