مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے تیزی سے بڑھتے استعمال کے باوجود مستقبل کی ملازمتوں اور پیشہ ورانہ کامیابی کے لیے انسانی صلاحیتوں کی اہمیت کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ رہی ہے۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق اس دور میں حکمت عملی کے تحت سوچنے، پیچیدہ مسائل حل کرنے، درست فیصلے کرنے، تخلیقی صلاحیت اور دوسروں کے احساسات سمجھنے جیسی مہارتیں زیادہ اہمیت اختیار کر رہی ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل انٹیلیجنس اور بین الاقوامی کمپنی فلپ مورس انٹرنیشنل (پی ایم آئی) کے اشتراک سے تیار کردہ ’دی کاگنیشن انڈیکس‘ رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت معمول کے اور بار بار دہرائے جانے والے کام انجام دینے میں مدد دے سکتی ہے، لیکن انسانی بصیرت، تنقیدی سوچ، اخلاقی فیصلے اور تخلیقی صلاحیتوں کا متبادل نہیں بن سکتی۔
رپورٹ کے لیے فروری سے اپریل 2026 کے دوران امریکا، برطانیہ، اٹلی، جنوبی افریقہ اور برازیل کے 2 ہزار 507 کاروباری و پیشہ ور افراد کی رائے حاصل کی گئی۔
تحقیق میں شامل افراد نے مصنوعی ذہانت کے دور میں اپنی پیشہ ورانہ اہمیت برقرار رکھنے کے لیے جن مہارتوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، ان میں سب سے نمایاں *حکمت عملی کے تحت سوچنے کی صلاحیت* ہے، جسے 48 فیصد شرکا نے ترجیح دی۔
اس کے بعد قیادت اور پیچیدہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت کو 42، باہمی تعاون اور اخلاقی بنیادوں پر استدلال کو 40، جبکہ تخلیقی سوچ اور جذباتی ذہانت کو 38 فیصد شرکا نے اہم قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق انسانی بصیرت، ہمدردی، اعتماد پیدا کرنے اور اخلاقی فیصلے کرنے کی صلاحیتیں ایسی خصوصیات ہیں جنہیں مصنوعی ذہانت کے ذریعے مکمل طور پر نقل کرنا مشکل ہے۔
تحقیق میں 42 فیصد شرکا نے اخلاقی فیصلے اور اصولوں کی پاسداری، جبکہ 40 فیصد نے ہمدردی اور اعتماد قائم کرنے کو ایسی انسانی صلاحیتیں قرار دیا جن کا مصنوعی ذہانت کے متبادل کے طور پر سامنے آنا مشکل ہے۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ آئندہ تین برسوں میں تقریباً تمام زیرِ مطالعہ انسانی صلاحیتوں کی اہمیت بڑھنے کا امکان ہے ان میں تخلیقی ہمدردی، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے، مشکلات برداشت کرنے اور ذاتی ذمہ داری قبول کرنے کی صلاحیت نمایاں ہیں۔
مصنوعی ذہانت پر ضرورت سے زیادہ انحصار کا خطرہ
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر حد سے زیادہ انحصار انسانی سوچنے، سوال اٹھانے اور آزادانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت کو کمزور کر سکتا ہے، اسے ’کاغنیٹو ایٹروفی‘ یعنی ذہنی صلاحیتوں کے استعمال میں کمی کے باعث ان کے زوال کا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
تحقیق میں شامل افراد میں 29 فیصد نے مصنوعی ذہانت پر انحصار کے باعث انسانی صلاحیتوں کے کمزور ہونے کو سب سے بڑا خدشہ قرار دیا۔ اس کے بعد عملی مہارتوں، مثلاً لکھنے اور کوڈنگ کی صلاحیت میں کمی کو 18 فیصد، مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو 17 فیصد اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت متاثر ہونے کو 15 فیصد نے اہم خطرہ سمجھا۔
رپورٹ کے مطابق تنقیدی سوچ سب سے زیادہ متاثر ہونے کے خدشے سے دوچارانسانی صلاحیت ہے، 46 فیصد شرکا نے اسے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے استعمال سے کمزور ہونے کے خطرے سے دوچار قرار دیا جبکہ تخلیقی ہمدردی کے لیے یہ شرح 44 اور تخلیقی صلاحیت کے لیے 43 فیصد رہی۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت سے حاصل ہونے والی معلومات اور نتائج کی انسانی سطح پر جانچ پڑتال ضروری ہے، ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے لیے اے آئی استعمال کرنے والے 83 فیصد افراد کے باوجود صرف 57 فیصد اس کے نتائج پر اعتماد کرتے ہیں۔
رپورٹ میں تجویز کیا گیا ہے کہ اداروں کو ملازمین میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، باہمی تعاون اور آزادانہ فیصلے کرنے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، مصنوعی ذہانت سے بچنے کے بجائے اسے انسانی ذہانت کا معاون بنایا جائے اور اس سے حاصل ہونے والے وقت کو زیادہ پیچیدہ، تخلیقی اور حکمت عملی سے متعلق کاموں پر صرف کیا جائے۔
تحقیق کا بنیادی نتیجہ یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں کامیابی کا انحصار صرف نئی ٹیکنالوجی استعمال کرنے پر نہیں بلکہ اس کے ساتھ انسانی ذہانت، تجربے، اخلاقی شعور اور فیصلہ سازی کی صلاحیت برقرار رکھنے پر بھی ہوگا۔


