نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کلچرل فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے ایک تاریخی قلعے کی مثال دے کر ماضی کے 2 بڑے حریف حکمرانوں کا ایسا تعلق بیان کیا جس سے تہذیبوں اور تاریخی ورثے کی مشترکہ تشکیل کا پہلو سامنے آیا۔
وفاقی وزیر مصدق ملک ان دنوں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایس سی او کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ 20 سے 22 نومبر تک جاری رہنے والا یہ تین روزہ فورم دہلی کے تاریخی مقام پرانا قلعہ میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کیا۔ مئی 2023 میں بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ کسی تہذیب کو صرف ایک دور یا ایک شناخت تک محدود کرکے نہیں دیکھا جا سکتا کیونکہ اس کی تشکیل میں مختلف ادوار اور ثقافتوں کا حصہ ہوتا ہے۔ اس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے دہلی کے پرانے قلعے کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ قلعہ تاریخ کی ایک مکمل داستان ہے۔
مصدق ملک کے مطابق وسطی ایشیا سے آنے والے ہمایوں نے اس قلعے کی بنیاد رکھی جبکہ ان کے حریف شیر شاہ سوری بھی اس کی تاریخ کا حصہ ہیں۔ مختلف ادوار کے حکمرانوں نے اس تاریخی ورثے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی تہذیبی تاریخ کے 3 اہم ادوار کا امین ہے۔ اس کے تاریخی روابط شمال میں بخارا اور سمرقند سے لے کر مغرب میں فارس اور عرب تک پھیلے ہوئے ہیں۔ وادی سندھ اور گندھارا سمیت ان خطوں کے تاریخی اور ثقافتی روابط نے پاکستان کی تہذیبی شناخت کو تشکیل دیا ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ گندھارا کا بدھ فن تعمیر شاہراہ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا۔ ان کے مطابق تہذیبی مکالمے کے لیے ضروری ہے کہ مختلف ثقافتوں اور روایات کی اہمیت کو تسلیم کیا جائے اور ایک دوسرے کے تاریخی تجربات سے سیکھا جائے۔
سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج تہذیب کے لیے ایک نئے خطرے کے طور پر سامنے آئی ہے اور یہ تاریخی ورثے کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے، اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمہ ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں مختلف ثقافتی شناختیں اور تاریخی روایات موجود ہیں۔ ان کے درمیان مکالمے سے ہی ایک دوسرے کی تاریخ، ثقافت اور تجربات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت خطے کے کئی ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے جن میں درجہ حرارت میں اضافہ، سیلاب اور غیر معمولی موسمی حالات شامل ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی نہ صرف انسانی زندگی بلکہ تاریخی مقامات اور تہذیبی ورثے کے تحفظ کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔



