خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں 1916 اساتذہ کی غیر مجاز غیر حاضری کا انکشاف ہوا ہے، جس پر محکمہ تعلیم نے متعلقہ اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نامزد اضلاع کی زیر صدارت اجلاس میں تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو غیر حاضر اساتذہ سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو اساتذہ مسلسل غیر حاضر ہیں اور اپنی غیر حاضری کے حوالے سے تسلی بخش وضاحت پیش نہیں کرسکیں گے، ان کے خلاف محکمانہ قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیکرٹری تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ کارروائی کی تفصیلی رپورٹ مقررہ وقت کے اندر سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق 12 نامزد اضلاع میں غیر حاضر اساتذہ کی مجموعی تعداد 1916 ہے، جن میں 1042 خواتین اور 874 مرد اساتذہ شامل ہیں۔
ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق شمالی وزیرستان 419 غیر حاضر اساتذہ کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بنوں میں 348، جنوبی وزیرستان اپر میں 243، ڈیرہ اسماعیل خان میں 204 اور لکی مروت میں 150 اساتذہ غیر حاضر پائے گئے ہیں۔
اسی طرح ضلع کرم میں 130، خیبر میں 114، باجوڑ میں 88، مہمند میں 70، اورکزئی میں 66، ٹانک میں 52 جبکہ جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ کی غیر مجاز غیر حاضری رپورٹ ہوئی ہے۔
سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر حاضر اساتذہ میں سب سے زیادہ 620 پرائمری اسکول ٹیچرز (PST) شامل ہیں جبکہ 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز ، 153 سی ٹی اور 121 ایس ایس ٹی جنرل اساتذہ بھی غیر حاضر پائے گئے ہیں۔
اجلاس میں اساتذہ کی غیر حاضری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اساتذہ کی مسلسل غیر موجودگی سے بچوں کی تعلیم، تدریسی عمل اور تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر قاسم نے کہا کہ غیر حاضر اساتذہ بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا محکمہ تعلیم کی اولین ذمہ داری ہے، انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت اور غیر مجاز غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ان علاقوں میں تعلیمی اداروں کی مؤثر نگرانی، اساتذہ کی باقاعدہ حاضری اور تدریسی عمل کا تسلسل ایک اہم چیلنج رہا ہے۔
اساتذہ کی غیر حاضری کا براہ راست اثر طلبہ کی تعلیم پر پڑتا ہے، خصوصاً پرائمری سطح پر استاد کی مسلسل عدم موجودگی بچوں کی بنیادی خواندگی، حساب کتاب اور تعلیمی بنیاد کو متاثر کر سکتی ہے۔
حکومت کی جانب سے تین روز میں وضاحت طلب کرنے اور بعد ازاں محکمانہ کارروائی کا فیصلہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ محکمہ تعلیم اب اس مسئلے پر انتظامی سطح پر سختی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔



