جنوبی کوریا میں یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے ہونے والے ملک کے اہم ترین امتحان کے دوران اُس وقت غیر معمولی صورتِ حال پیدا ہوئی جب ملک بھر میں موبائل فونز پر بیک وقت ہنگامی الارم بجنے لگے۔
جمعرات کو صبح 8 بج کر 30 منٹ پر جنوبی کوریا کے 9 شہروں میں موبائل فونز پر تقریباً 10 سیکنڈ تک ہنگامی الارم بجایا گیا۔ یہ الارم فونز کی بلند ترین آواز پر تھا اور موبائل کے سائلنٹ موڈ میں ہونے کے باوجود اسے سنا جا سکتا تھا۔
یہ کسی قدرتی آفت یا سکیورٹی خطرے کے پیشِ نظر جاری کیا گیا الرٹ نہیں تھا بلکہ حکومت نے ملک کے سب سے اہم امتحان کالج اسکالسٹک ایبیلٹی ٹیسٹ (سی ایس اے ٹی) کے دوران نقل روکنے کے لیے یہ غیر معمولی حکمتِ عملی اختیار کی تھی۔
’سی ایس اے ٹی‘ امتحان کو جنوبی کوریا میں ’سنونگ‘ کہا جاتا ہے۔ اس امتحان کے نتائج کی بنیاد پر یونیورسٹیاں طلبہ کے داخلوں کے فیصلے کرتی ہیں۔ اس امتحان کے ذریعے جانچا جاتا ہے کہ طالب علم یونیورسٹی کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی کتنی صلاحیت رکھتا ہے۔
مقبول یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے یہ امتحان پاس کرنا ضروری ہوتا ہے، اس امتحان میں ناکامی کی صورت میں طلبہ اگلے سال دوبارہ امتحان دیتے ہیں۔
اس بار ’سی ایس اے ٹی‘ امتحان میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد طلبہ شریک تھے۔ امتحانی مراکز کی سکیورٹی مزید سخت بنانے کے لیے تقریباً آٹھ ہزار 400 اضافی نگران بھی تعینات کیے گئے تھے۔
موبائل فونز پر ہنگامی الارم کیوں بجایا گیا؟
حکومت نے سی ایس اے ٹی امتحان شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے ملک گیر ہنگامی الرٹ جاری کیا تاکہ اُن طلبہ کی نشاندہی کی جا سکے جو امتحانی مراکز میں چھپا کر موبائل فون لے کر آئے تھے۔
حکام کو خدشہ تھا کہ بعض امیدوار خفیہ کیمروں، اسمارٹ چشموں اور دیگر الیکٹرانک آلات کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے منسلک کر کے نقل کر سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے حکومت نے اپنے قومی ہنگامی الرٹ سسٹم کا استعمال کیا۔ عام موبائل نوٹی فکیشنز کے برعکس ہنگامی الرٹس فون کے سائلنٹ موڈ کو بھی نظرانداز کرتے ہوئے پوری آواز کے ساتھ بجتے ہیں۔ یہ الرٹس ان فونز تک بھی پہنچ سکتے ہیں جن کا موبائل ڈیٹا بند ہو، بشرطیکہ وہ سیلولر نیٹ ورک سے منسلک ہوں۔
حکومت نے دوپہر کے وقت مزید دو غیر اعلانیہ الرٹس بھی جاری کیے تاکہ ایسے طلبہ کی نشاندہی کی جا سکے جنہوں نے پہلے الرٹ کے بعد اپنے چھپائے ہوئے فون بند کر دیے تھے۔
اسمارٹ فونز سے نقل کا خدشہ کیوں تھا؟
حکام کو خدشہ تھا کہ طلبہ اپنے موبائل فونز یا اسمارٹ واچز کے ذریعے امتحانی سوالات کے جوابات اے آئی کی مدد سے حاصل کر سکتے ہیں۔
وزارتِ تعلیم کے مطابق صبح بھیجے گئے پہلے الرٹ کی مدد سے صبح ساڑھے 11 بجے تک نو شہروں میں 22 ایسے موبائل فونز کی نشاندہی ہوئی جنہیں طلبہ نے امتحان سے قبل جمع نہیں کروایا تھا۔
اس سے قبل حکام نے امتحانی مراکز میں نقل روکنے کے لیے کئی متبادل طریقوں پر بھی غور کیا تھا۔ ان میں وائی فائی نیٹ ورکس بند کرنا، وائرلیس سگنلز کا پتا لگانا اور سگنل جیمرز کا استعمال شامل تھا۔
تاہم ان طریقوں میں کئی مسائل درپیش تھے، جس کے پیشِ نظر حکومت نے ملک گیر ہنگامی الرٹ سسٹم کو ایک غیر معمولی متبادل کے طور پر استعمال کیا۔
یعنی حکومت نے امتحانی مراکز میں لائے گئے موبائل فون کو تلاش کرنے کے بجائے ایسا انتظام کیا کہ وہ خود اپنی موجودگی کا اعلان کر دے۔


